جمعرات 13 اگست 2026 - 11:53
آیت اللہ خاتمی: ٹرمپ کی ایران کو تسلیم کرانے کی آرزو کبھی پوری نہیں ہوگی

حوزہ/ مجلس خبرگان رہبری کے رکن آیت اللہ سید احمد خاتمی نے کہا ہے کہ امریکہ کبھی ایران کے ساتھ حقیقی امن کا خواہاں نہیں رہا بلکہ وہ ایران کو تسلیم کرانا چاہتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس خبرگان رہبری کے رکن آیت اللہ سید احمد خاتمی نے کہا ہے کہ امریکہ کبھی ایران کے ساتھ حقیقی امن کا خواہاں نہیں رہا بلکہ وہ ایران کو تسلیم کرانا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹرمپ نے واضح طور پر کہا ہے کہ ایران کے لیے واحد راستہ تسلیم ہونا ہے، جبکہ ایرانی قوم کا راستہ ’’ہیہات منا الذلہ‘‘ ہے؛ لہٰذا ٹرمپ ایران کے تسلیم ہونے کی خواہش لیے قبر میں جائے گا۔

آیت اللہ خاتمی نے کاشان کی مسجد صادقیہ میں ماہ صفر کے آخری عشرے کی مناسبت سے منعقدہ مجلس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی طاقت، استقامت اور عزت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے نمایاں معجزات میں سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی انقلاب کی عظمت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مرہون منت ہے اور اس نظام کی عزت و اعتبار بھی آپؑ سے وابستہ ہے۔

انہوں نے پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی کامیابی کے عوامل بیان کرتے ہوئے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا طرزِ عمل آپؐ کی کامیابی کا سب سے اہم سبب تھا۔

آیت اللہ خاتمی نے تاریخ میں مواقع ضائع کرنے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے حضرت علی علیہ السلام کو ان کے حقیقی مقام پر فائز نہیں ہونے دیا، انہوں نے ایک بڑا تاریخی موقع ضائع کیا۔ انہوں نے مشروطیت کے واقعے کو بھی موقع ضائع کرنے کی نمایاں مثال قرار دیا اور کہا کہ علما نے استبداد کے خلاف جدوجہد کے لیے میدان میں قدم رکھا، لیکن مغرب زدہ عناصر نے تحریک پر قبضہ کرکے اسے اصل راستے سے ہٹا دیا، جس کا نتیجہ رضا خان اور اس کے بیٹے کی ظالمانہ حکومت کی صورت میں سامنے آیا۔

انہوں نے امام حسن مجتبیٰ علیہ السلام کی حکمت عملی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امام حسنؑ نے بحران و مشکلات کو موقع میں تبدیل کیا، کیونکہ اس وقت آپؑ کے لشکر کی حالت قیام کے لیے موزوں نہیں تھی۔

آیت اللہ خاتمی نے قرآن کریم میں صلح کے احکام کے غلط استعمال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ جنگ کے معاملے میں قرآن کی صلح سے متعلق آیات کا غلط استعمال کرتے ہیں، حالانکہ مذکورہ آیات خاندانی اختلافات کے حل سے متعلق ہیں اور انہیں جنگ کے معاملے سے جوڑنا درست نہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha